اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا )نے بین الاقوامی تیل کی منڈی میں حالیہ اتار چڑھائو کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کااعلان کردیا ۔
پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے فی لیٹرکمی کی گئی ہے، پیٹرول کی نئی قیمت 256 روپے13 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 263 روپے95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 روپے 25 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 155 روپے81 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 171 روپے65 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔