پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن محکمہ خوراک کے صدر گل نواز خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 سے 25 فیصد اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی اس حوالے سے اپنا وعدہ پورا کرے۔ بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں سرکاری ملازمین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کے پنشنز میں اضافہ کیا ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ قابل ستائش ہے، اس سے سرکاری ملازمین کے معاشی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا کی حکومت نے صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا جس پر ملازمین نے احتجاج کیا اور اس کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین سے وعدہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت جتنے اضافے کا اعلان کرے گی
صوبائی حکومت اس سے زیادہ اضافہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافے کا اعلان کردیا ہے، اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت بھی جلد از جلد اپنے وعدے کا پاس رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=475564