
اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ شعیب احمد صدیقی نے پاکستان ٹیلی ویژن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عصر حاضر کی دنیا کے چیلنجوں کو پورا کرنے کیلئے تمام توانائیاں صرف کی جائیں۔ یہاں پی ٹی وی کی مینجمنٹ اور پروفیشنلز کے ساتھ ایک تعارفی اجلاس میں انہوں نے سرکاری ٹیلی ویژن کی ماضی کی شاندار عظمت بحال کرنے اور اسے ایک ولولہ انگیز ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اجلاسوں کا انعقاد کیا جائے اور پالیسی سے آگاہی دی جائے۔ سیکرٹری اطلاعات نے اس وقت کا حوالہ دیا جب ناظرین حتیٰ کہ پڑوسی ممالک میں بھی اس کے کام کے اعلیٰ معیار کی بدولت اپنی فلموں کی بجائے پی ٹی وی کے پروگراموں بالخصوص اس کے ڈراموں کو ترجیح دی جاتی تھی۔ انہوں نے پی ٹی وی کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ اپنے مالیاتی امور میں بہتری لائے اور آمدن میں اضافہ اور خود انحصاری کیلئے نئے امکانات کے جائزہ کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے۔