وفاقی محتسب کا پریس کلب شیخوپورہ کے 23رکنی وفد سے خطاب

117

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے کہا ہے کہ صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتے ہیں‘ وہ عام لوگوں کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، وفاقی محتسب کو اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کروانے کا مکمل اختیار حاصل ہے جو دنیا میں محتسب کے کسی ادارے کو حاصل نہیں۔ وہ جمعرات کو پریس کلب شیخوپورہ کے ایک23رکنی وفد سے خطاب کر رہے تھے جو وفاقی محتسب کے مطالعاتی دورہ پر آیا تھا۔ وفاقی محتسب نے کہا کہ میڈیا میں آنے والی خبروں سے مجھے بڑی رہنمائی ملتی ہے اور ہم اس پر ازخود کارروائی بھی کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں آنے والی رپورٹوں کی وجہ سے لوگوں کے اندر وفاقی محتسب کے بارے میں آگاہی اور شعور پیدا ہوا ہے۔یہی وجہ ہے کہ وفاقی محتسب میں آنے والی سالانہ شکایات کی تعداد ساڑھے سولہ ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔