کوئٹہ۔ 28 جون (اے پی پی):وفاقی محتسب کے حکم پر اٹک کے رہائشی درخواست گزار ریٹائرڈ ملازم مبین خان کو پنشن کے بقایا جات کے سلسلے میں ریلیف دلوا دیا گیا۔وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ میں اٹک کے رہائشی درخواست گزار ریٹائرڈ ملازم مبین خان نے درخواست دائر کی تھی اسکی پنشن 2022 میں ڈی سی ایس میں تبدیل کردی گئی تھی جس کے بقایا جات اسے چھ ماہ سے نہیں ملے۔
درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ اس نے اس سلسلے میں کئی بار متعلقہ دفتر سے رابطہ کیا اور دفتر کے چکر لگائے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔بالاخر مجبور ہو کر اس نے انصاف کے حصول کی خاطر وفاقی محتسب کے ادارے میں درخواست دائر کی۔ درخواست موصول ہوتے ہی ریجنل آفس کوئٹہ کے عملے نے انکوائری کا آغاز کیااور متعلقہ محکمے کے عملے کو طلب کر کے جواب مانگا۔متعلقہ محکمہ جواز پیش کرنے میں ناکام رہا۔
چنانچہ وفاقی محتسب نے احکامات جاری کئے کہ فوری طور پر درخواست گزار کو پنشن کی مد میں 103,316 روپے بقایاجات فوری ادا کئے جائیں۔ وفاقی محتسب کے احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کی ساری بقایا رقم اس کو ادا کردی ۔ درخواست گزار نے وفاقی محتسب کے اس احسن اقدام پر شکریہ ادا کیا۔