وفاقی نظامت تعلیمات نے اسلام ماڈل سکولز/ کالجزکے لئے جماعت اول سے نہم تک سالانہ امتحانات 2022 کے لئے پروموشن پالیسی جاری کردی ہے

144

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وفاقی نظامت تعلیمات نے اسلام ماڈل سکولز/ کالجزکے لئے جماعت اول سے نہم تک سالانہ امتحانات 2022 کے لئے پروموشن پالیسی جاری کردی ہے، پہلی اور دوسری جماعت کے تمام طلبا کو اگلی جماعت میں پروموٹ کیاجائےگا۔ منگل کو وفاقی نظامت تعلیمات کی جانب سے جاری پروموشن پالیسی کے مطابق پہلی اور دوسری جماعت کے تمام طلبا کو اگلی جماعت میں پروموٹ کر دیاجائےگا جبکہ تیسری اور چوتھی جماعت کے طلبا کے لئے ہرمضمون کےلئے پاسنگ مارکس 40 فیصد رکھے گئے ہیں۔ اگر کوئی طالب علم ایک یا دو مضامین میں فیل ہوتا ہے تاہم اس کے مجموعی نمبر 40 فیصد سے زائد ہوں تو اسے اگلی جماعت میں پروموٹ کردیاجائےگا جبکہ 2 سے زائد مضامین میں فیل ہونے کی صورت میں مکمل فیل تصور کیاجائےگا۔

پانچویں جماعت سے آٹھویں جماعت تک پروموشن پالیسی میں مضامین کو 2 کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پانچویں کے بعد کی کیٹیگری ون میں انگلش ، میتھ اور جنرل سائنس جبکہ کیٹیگری ٹو میں اردو ، اسلامیات اور سوشل سڈیز شامل ہیں جبکہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کیٹیگری ون میں انگلش، میتھ اور جنرل سائنس جبکہ کیٹیگری ٹو میں اردو ، اسلامیات ، جغرافیہ ، ہسٹری ، کمپیوٹر سائنس اور اختیاری مضامین شامل ہیں۔ چھٹی اور ساتویں جماعت میں ہرمضامین کے پاسنگ مارکس 40 فیصد رکھے گئے ہیں جبکہ اگر وہ ہر کیٹیگری کے ایک ایک مضمون میں فیل ہے اور فیل مضمون میں اس کے نمبر 15 فیصد سے زائد اور مجموعی نمبر 40 فیصد سے زائد ہیں تو اسے اگلی جماعت میں پروموٹ کر دیا جائےگا۔

پالیسی کے مطابق اگر کوئی طالب علم کیٹیگری ٹو کے دو مضامین میں فیل ہے اور فیل مضامین میں اس کے 15 فیصد سے زائد اور مجموعی نمبر 40 فیصد سے زائد ہیں تو بھی اسے اگلی جماعت کے لئے پروموٹ کردیا جائےگا جبکہ اگر وہ کیٹیگری ون کے 2 مضامین میں فیل ہو گا تو وہ فیصل تصورکیاجائے گا۔ وفاقی نظام تعلیمات کی جانب سے پانچویں اور آٹھویں جماعت کی پروموشن پالیسی میں پاسنگ مارکس 35 فیصد رکھے گئے ہیں۔

اگر کوئی طالب علم دونوں کیٹیگریوں میں ایک ایک مضامین میں فیل ہے اور فیل مضامین میں اس کے 15 فیصد سے زائد اور مجموعی نمبر 35 فیصد سے زائد ہیں تو اسے اگلی جماعت میں پروموٹ کر دیاجائے گا جبکہ کیٹیگری ٹو کے 2 مضامین میں فیل 15 فیصد سے زائد نمبر اور مجموعی 35 فیصد سے زائد نمبروالےکو بھی اگلی جماعت میں پروموٹ کیاگیا جائے گاتاہم کیٹیگری ون کے 2 مضامین میں فیل طالب علم کو فیل ہی تصور کیاجائے گا۔

وفاقی نظامت تعلیمات کی جانب سے جاری پروموشن پالیسی کے مطابق نویں جماعت کے امتحانات وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیرانتظام ہوں گے۔ طالب علم کے لئے ضروری ہو گا کہ اس کی حاضری 65 فیصد سے زائدہو۔ طالب علم کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے کے لئے تین اضافی نمبر تک نمبر دیئے جا سکتے ہیں۔