اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وفاقی وزارت تعلیم نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے 529 اساتذہ کو ٹائم سکیل ترقی دینے کی منظوری دے دی،نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ اساتذہ تنظیموں کے رہنماؤں فضل مولا،ملک امیر خان،منصور شاہ سمیت دیگر نے سیکرٹری ایجوکیشن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کو ترقی کا بنیادی حق ملا ہے جس سے کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو ٹائم سکیل ترقی دینے کے لئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس 5جنوری 2024 کو ہوا ،تاہم مختلف وجوہات کی بناء پر نوٹیفکیشن تاخیر کا شکار تھا۔سیکرٹری ایجوکیشن محی الدین احمد وانی نے ڈی پی سی کی سفارشات کو فوری طور پر منظور کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات دئیے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 529 اساتذہ کو اگلے گریڈ میں ٹائم سکیل پروموشن دے دی گئی ہے جس میں سکولوں اور کالجز کے وائس پرنسپل،پرنسپل اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز شامل ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق 13 پرنسپلز کو گریڈ 21، 90 اسسٹنٹ پروفیسرز کو 19 گریڈ، 173 وائس پرنسپل کو بھی گریڈ 19میں ٹائم سکیل ترقی دے دی گئی ہے۔
اسی طرح 103 اسسٹنٹ پروفیسرز، پرنسپل کو گریڈ 20میں ٹائم سکیل ترقی دے دی گئی ہے،8 ڈپٹی ہیڈ مسٹریس کو گریڈ 20میں ترقی دے دی گئی ہے۔ اساتذہ رہنماؤں فضل مولا، ملک امیر خان اور منصور علی شاہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری ایجوکیشن محی الدین احمد وانی نے اساتذہ کو ترقی دے کر بنیادی حق دیا ہے ، سیکرٹری ایجوکیشن نے تعلیمی نظام میں بہترین اصلاحات نافذ کی ہیں جن کے ثمرات جلد ملیں گے، اداروں کے سربراہان کو با اختیار بنانا اداروں کے ملازمین کی بہترین کارکردگی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا،اساتذہ نے سینئر جوائنٹ سیکرٹری سہیل اختر ملک ،ڈائریکٹر پروموشن محمد لقمان، ایس او پروموشن رشید مروت اور متعلقہ حکام کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔