وفاقی وزیر احسن اقبال سے سری لنکا کے وزیر مملکت برائے خزانہ کی ملاقات،اقتصادی و معاشی تعاون کو بڑھانے پراتفاق

129

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کورونا وبا نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا ، پاکستان کو حالیہ سیلاب کی صورت میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان نے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو اجاگر کیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سری لنکا کے وزیر مملکت برائے خزانہ شیہان سیما سنگھے سے ملاقات کے دور ان کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کی وبانے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا ، پاکستان کو حالیہ سیلاب کی صورت میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑا ، پاکستان نے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو اجاگر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جب حکومت میں آئے تو ملک معاشی تباہی کے دہانے پرکھڑا تھا، ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر تلخ فیصلے لئے اورآئی ایم ایف پروگرام کو بحال کیا ۔انہوں نے سری لنکا کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی تصادم کا اثر پوری دنیا کی معیشت پر پڑتا ہے ، بھارت کے منفی کردار کی بنا پر سارک غیر موثر ادارہ بن گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی انضمام مستحکم معیشت اور منڈیوں میں مسابقتی استفادہ کے لئے لازم وملزوم ہے ۔اس موقع پر پاکستان اور سری لنکا کے مابین اقتصادی و معاشی تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔