وفاقی وزیر احسن اقبال کا سی پیک کے چھٹے جی سی سی اجلاس میں اظہارخیال

106

گوادر ماسٹر پلان اور دوسرے منصوبوں سے گوادر میں معاشرتی و معاشی ترقی ہو گی، گوادر میں 300 میگا واٹ بجلی کے منصوبے پر جلد کام شروع ہو جائے گا
وفاقی وزیر احسن اقبال کا سی پیک کے چھٹے جی سی سی اجلاس میں اظہارخیال

بیجنگ ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے سی پیک کے چھٹے جی سی سی کے اجلاس میں گوادر کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے گوادر کے رہنے والوں لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ جے سی سی کے اجلاس سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ گوادر ماسٹر پلان اور دوسرے ایسے منصوبوں سے گوادر میں معاشرتی و معاشی ترقی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر میں 300 میگا واٹ بجلی کے منصوبے پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔ اجلاس میں احسن اقبال نے گوادر میں صاف پانی کی فراہمی، ہسپتال کا قیام اور ٹیکنیکل و ووکیشنل انسٹیوٹ کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت میں ان منصوبوں کی تکمیل سے گوادر کے لوگ مستفید ہو سکیں گے۔ احسن اقبال نے چاروں صوبوں میں ماس ٹرانزٹ ریلوے کے منصوبوں پر چین کی مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر صوبے نے اکنامک زون بنانے کےلئے مارکیٹ کے حساب سے جگہ کی نشاندہی کر لی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین سی پیک تین سال پہلے شروع ہوا تو اس پر شکوک و شبہات پیدا کئے گئے کہ اس پر عمل کیسے ہو گا لیکن سیاسی قیادت، دونوں ممالک کے آفیشلز کی انتھک محنت سے سی پیک دنیا میں علاقائی رابطہ کا سب سے بڑا منصوبہ بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کی کامیابی کا ایک ثبوت یہ ہے کہ اب امریکہ، کینیڈا اور یورپ جیسے ممالک سی پیک کے خطہ پر مرتب ہونے والے اثرات پر ریسرچ کر رہے ہیں۔