33.8 C
Islamabad
پیر, اپریل 28, 2025
ہومتازہ ترینوفاقی وزیر احسن اقبال کااشک آباد پہنچنے پر پاکستانی سفارت خانے کا...

وفاقی وزیر احسن اقبال کااشک آباد پہنچنے پر پاکستانی سفارت خانے کا دورہ ، پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات

- Advertisement -

اشک آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال ترکمانستان کے دورے پر پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے پہلے فورم برائے پائیدار ترقی میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ دورہ پاکستان کے “اُڑان پاکستان” اقدام کے تحت خطے میں رابطہ کاری، اقتصادی انضمام اور پائیدار ترقی کے عزم کا مظہر ہے۔اشک آباد پہنچنے پر وزیر منصوبہ بندی نے پاکستان کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور سفارتی عملے اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے ملاقات کی۔ اپنے خطاب میں سینیٹر احسن اقبال نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے بے پناہ امکانات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون کو فروغ دینا “اُڑان پاکستان” کے تحت ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے وژن کے لیے نہایت اہم ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے ترکمانستان سے پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل پر امید کا اظہار کیا، جس سے ترکمانستان کے توانائی ذخائر پاکستان اور دیگر عالمی منڈیوں تک پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقائی توانائی تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا اور پاکستان کی سبز توانائی کی منتقلی کو فروغ دے گا، جو ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور سب کے لیے پائیدار توانائی کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔

- Advertisement -

وزیر منصوبہ بندی نے ترکمان توانائی کمپنیوں کو پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں قائم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی اشاریوں، مالیاتی نظم و ضبط، اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سخت نگرانی اور مؤثر عملدرآمد کی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت بحالی اور استحکام کی طرف گامزن ہے، جو “اُڑان پاکستان” کے اہداف کے مطابق ہے۔پاکستان کے زرعی شعبے میں مخفی صلاحیت، حکومتی اصلاحات اور استعداد کار کا حوالہ دیتے ہوئے جناب احسن اقبال نے گوشت، مچھلی، پھلوں اور دیگر زرعی مصنوعات میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع کی نشاندہی کی۔

انہوں نے ترکمانستان کی کپاس کی پیداوار اور پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے درمیان صنعتی تعاون کے امکانات پر بھی زور دیا، کہا کہ “اُڑان پاکستان” کے تحت صنعتی ترقی اور ویلیو چینز کی تعمیر کے وژن سے ہم آہنگ ہے،دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور علاقائی قربت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ جب ہماری گھڑیاں ساتھ چلتی ہیں تو ہمارے دل بھی ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588780

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں