وفاقی وزیر اسد عمر کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں جشن آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

93

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک کوارٹر میں برطانیہ کی معیشت میں 20 فیصد اور امریکہ میں 32 فیصدکمی ہوئی لیکن اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت زیادہ مشکلات سے بچ گئی۔حکومت کی بہتر حکمت عملی سے پاکستان کا کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 20 ارب ڈالر سے کم ہو کر اب 3ارب ڈالر تک آ گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان کا 73واںجشن آزادی منانے کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جشن آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکومت تمام شعبوں کو ترقی دینے کیلئے کوشاں ہے جس وجہ سے اب پاکستان کی معیشت تیز رفتار ترقی کی طرف گامزن ہو گی جبکہ اگلا سال ترقی کا سال کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو کروناوائرس کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب ان کیلئے اچھے دن آنے والے ہیں۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کی تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس نظام زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی چیمبر میں ایک میٹنگ کر کے تاجر برادری کے اہم مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ کاروبار کیلئے مزید سازگار ماحول پیدا کر کے پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنایا جا سکتا ہے اور عوام کا معیار زندگی بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا73واں جشن آزادی ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایمانداری ، محنت اور لگن سے کام کریں اور ذاتی مفاد پر ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا تھا لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم کا ہر فرد پاکستان کو مضبوط و مستحکم ملک بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوںنے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کاروبار اور معیشت کو بہت نقصان پہنچا ہے لہذا حکومت کاروبار کیلئے مزیدآسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دے تاکہ معیشت جلد مشکلات سے نکل کر بہتری کی طرف بڑھے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور وطن کی سربلندی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمن خان، محمد اعجاز عباسی، خالد اقبال ملک، چوہدری ندیم الدین، خالد چوہدری، شیخ عامر، چوہدری محمد علی، ناصر چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کو ایک فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے ہم سب نے مل کر بھرپور محنت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لہذا حکومت تاجر برادری کی مشاورت سے سازگار پالیسیاں بنائے تاکہ معیشت ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔