وفاقی وزیر اسد عمر کا کورونا کی بگڑتی صورتحال بارے تمام وفاقی اکائیوں کو خط

68

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات ونیشنل کمانڈ اینڈ آ پریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے تمام وفاقی اکائیوں کو خط لکھا ہے جس میں کورونا کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی موجودہ لہر بہت تیزی سے پھیل رہی ہے، احتیاط نہ کی گئی تو سخت فیصلے لینے پڑ سکتے ہیں۔اسد عمر نے خط میں لکھا ہے کہ ملک بھر میں مثبت کیسز کا تناسب تشویشناک شرح سے بڑھ رہا ہے این سی او سی فیڈریٹنگ یونٹس کی مشاورت سے اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے لکھا کہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں تمام فیڈریٹنگ یونٹس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم موجودہ تیسری لہر کے دوران ایس او پیز کا نفاذ کمزور رہا ہے، خاص طور پر سیاسی اور سماجی اجتماعات میں این سی او سی کے ہدایات کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ این سی او سی کی ہدایات کی خلاف ورزی دیگر شعبوں میں بھی ایس او پیز کے موثر نفاذ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہیں۔ گزارش کی ہے کہ ہدایات پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنائیں۔