وفاقی وزیر اسد عمر کی کووڈ 19 سے نمٹنے میں میڈیا کے کردار کی تعریف

78

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے این سی او سی سے وابستہ میڈیا ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آگاہی مہم میں میڈیا نے بھرپور معاونت کی۔

منگل کو این سی او سی کے سربراہ نے اپنے ٹویٹ میں انفارمیشن ٹیم بشمول پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) اور صحت اور اطلاعات کی وزارتوں کے مختلف محکموں کو این سی او سی کے فیصلوں سے متعلق مستند اور قابل بھروسہ معلومات سے عوام کو آگاہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’’میں کووڈ کے حوالہ سے انفارمیشن ٹیم، وزارت اطلاعات و نشریات، انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) اور وزارت صحت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے کووڈ سے کامیابی سے نمٹنے میں بھرپور محنت اور لگن سے کام کیا اور بہترین خدمات فراہم کیں‘‘۔

این سی او سی کے سربراہ نے اس سلسلہ میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا بھی ذکر کیا جنہوں نے اس سلسلہ میں بھرپور معاونت فراہم کی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وبا کے اس پورے عرصہ کے دوران آئی ایس پی آر اور وزارت اطلاعات و نشریات کے محکموں بشمول ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے بہترین میڈیا مہم چلائی۔

اے پی پی کے رپورٹرز، کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز مسلسل این سی او سی میں ہونے والی سرگرمیوں کی کوریج پر مامور ہیں اور وزارت اطلاعات و نشریات اور این سی او سی کی رہنمائی میں قومی ذرائع ابلاغ کو خبریں جاری کر رہے ہیں۔ قومی و علاقائی ذرائع ابلاغ کو انگریزی، اردو کے علاوہ علاقائی زبانوں بشمول سندھی، بلوچی، سرائیکی اور پشتو میں بہت سے مضامین، خصوصی فیچرز اور رپورٹس کے علاوہ ویڈیوز اور تصاویر بھی جاری کی گئیں۔