اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ سعودی میڈیا فورم کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کے لئے ریاض پہنچ گئے۔ منگل کو کنگ عبداللہ ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے نائب وزیر برائے میڈیا ڈاکٹر عبدالرحمان نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا استقبال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قریبی دوست ملک ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ترقی و خوشحالی کے لئے وژن مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لئے سعودی عرب کے اقدامات قابل تقلید ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب امن، خوشحالی، استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اہم وکیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی میڈیا فورم سعودی عرب کے میڈیا سے متعلق تجربات سے استفادہ کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ واضح رہے کہ سعودی میڈیا فورم کے تحت تین روزہ کانفرنس 19 سے 21 فروری تک ریاض میں منعقد ہو رہی ہے۔ سعودی میڈیا فورم میں دنیا بھر سے عالمی شخصیات سمیت میڈیا سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔
فورم کا مقصد میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا اور جدید رجحانات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ سعودی میڈیا فورم میں میڈیا پروڈکشن، ڈیجیٹل جرنلزم اور مواد سازی کے بارے میں طریقے تلاش کئے جائیں گے۔ ڈیجیٹل دور میں میڈیا، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور مالیاتی استحکام کیلئے نئے بزنس ماڈلز کا جائزہ لیا جائے گا۔ میڈیا فورم میں فیک نیوز، عوامی اعتماد کی بحالی میں میڈیا اداروں کے کردار کے بارے میں حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔
فورم میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، صحافت کا مستقبل، میڈیا اکنامکس، ڈیجیٹل نظام، مس انفارمیشن، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اور ڈیجیٹل سٹریمنگ جیسے اہم موضوعات پر مباحثے بھی منعقد ہوں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ فورم میں شرکت کرنے والی اہم عالمی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔