اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فلم ڈویژن اور پاک فلیکس کا افتتاح کر دیا جس کا مقصد معیاری مواد سمیت پی ٹی وی آرکائیوز میں موجود 75 سالہ بہترین مواد کو پاکستان اور عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی وی فلم کے آغاز کا مقصد ملک میں نوجوانوں کو پی ٹی وی کی پروڈکشنز اور جوائنٹ وینچرز کے ذریعے فلم سازی میں مشغول کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فلمیں پی ٹی وی ہوم پر پیش کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد صرف فلموں کو پی ٹی وی سکرین پر لانا نہیں بلکہ معیاری مواد بھی تشکیل دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی وی فلم ڈویژن کے علاوہ پاک فلیکس کے نام سے ایک پراجیکٹ بھی شروع کیا جا رہا ہے جس میں پی ٹی وی کے 75 سالہ آرکائیوز میں موجود ڈراموں اور فلموں کو شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس مواد کے لئے پاکستان بالخصوص بیرون ملک پاکستانیوں کی ایک وسیع مارکیٹ موجود ہے، یہ منصوبہ پاکستان کی 75 سالہ گولڈن جوبلی تقریبات کا حصہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم انڈسٹری کے لئے وزارت سے رابطے کے لئے کوئی ون ونڈو پلیٹ فارم موجود نہیں جو ان کے خیال میں نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلم ایک صنعت ہے اور اسے فنانس، کامرس، امپورٹ وغیرہ جیسی دیگر صنعتوں کے ساتھ ملانے کی ضرورت ہے، اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے وزارت اطلاعات میں فلم ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جا رہا ہے جہاں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو وزارت تک ون ونڈو رسائی حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فلم ڈائریکٹوریٹ رواں سال بجٹ کے بعد کام شروع کرے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے میں فلموں کا کردار ضروری ہے جس کے لئے وزیراعظم نے بجٹ کے بعد فلم، سیاحت اور ثقافت پر کانفرنس بلائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2017ء میں فلم پالیسی پر کام کا آغاز ہوا اور 2018ء میں پاکستان کی پہلی فلم پالیسی منظور ہوئی۔
اسی دوران پاکستان کی پہلی ثقافتی پالیسی کا آغاز ہوا جس کے لئے انہوں نے معروف اداکار جمال شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں تاریخی کامیابیاں تھیں کیونکہ ملک میں 70 سال سے زائد عرصے سے فلم یا ثقافتی پالیسی موجود نہیں تھی۔ فلم پالیسی کی عدم موجودگی کی وجہ سے پاکستان فلم انڈسٹری کو کبھی بھی دوسری صنعتوں کی طرح درست معنوں میں اہمیت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ فلم پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول ایگزیکٹوز، فنکاروں اور پروڈیوسرز کے ساتھ مل کر اتفاق رائے سے بنائی گئی جس نے ٹیکس مراعات کے ذریعے فلم سازی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ صنعت کو فروغ دینے کی بنیاد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء کا بجٹ اس اقدام کی عکاسی کرتا ہے تاہم 2018ء کے بعد اس کے لئے ضروری ماحول فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے سنہری دنوں میں پی ٹی وی سکرین ایک صحت مند اور متحرک معاشرے کے لئے سماجی آداب اور بیانیہ کا اہم ذریعہ تھی لیکن فلم سازی میں تکنیکی ترقی کے باوجود مواد کا معیار ماضی کے شاہکاروں سے نہیں ملتا جس وقت فلم انڈسٹری ایک خاندان کی طرح تھی لیکن اب تقسیم نے اجتماعی مفاد کے عنصر کو خراب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفرادی مفاد پر اجتماعی مفاد کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی وی کا مینڈیٹ قومی بیانیہ تشکیل دینا ہے، پی ٹی وی نے اس دوڑ میں شامل نہیں ہونا جو اس کی ہے نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس ملک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے جس کی طویل داستان ہے، ہم نے معاشرے کو اس کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ طویل المدت ریفارمز ضروری ہیں، ان پر موثر طریقے سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ڈیڑھ سال کے عرصہ میں ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ 2018ء میں وفاقی وزیر اطلاعات تھیں، تو انہوں نے ایسے اقدامات اٹھائے جن سے فوری طور پر بعض شعبوں میں پیشرفت کو فروغ ملا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم اور دستاویزی فلموں سمیت نجی اور سرکاری براڈ کاسٹ میڈیا میں بچوں کے مواد کا فقدان ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے بچے غیر ملکی مواد دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر صحت مند گفتگو کو فروغ دیا جائے گا اور خبروں کے مواد کو کم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے تقریب کے شرکاء اور پی ٹی وی حکام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کوششیں جدید دور کی بہترین ٹیکنالوجیز اور طریقوں کے مطابق پی ٹی وی کے شاندار دن واپس لائیں گی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے بٹن دبا کر پی ٹی وی فلم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ایم ڈی پی ٹی وی، سینئر اداکار جمال شاہ، لیلیٰ زبیری اور وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=311157