وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی سرکاری ملازمین کو اخراجات کم کرنے سے متعلق خود سے منسوب جملوں کی تردید ، ٹویٹ کے ساتھ وڈیو فوٹیج بھی شیئر کر دی

70
پاکستان سائنس ایکسپو سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا مثبت پیغام جائے گا، نمائش اداروں ا ور تنظیموں کو اپنی کامیابیاں پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے سرکاری ملازمین کو اپنے اخراجات کم کرنے سے متعلق خود سے منسوب جملوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں کہی‘سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات کو سننے اور ان پر پیش رفت کے لئے تیار ہیں۔ وفاقی وزیرسینیٹر شبلی فرازنے اپنے ٹویٹ میں گذشتہ روز وزارت اطلاعات آمد کے موقع پر مظاہرین سے بات چیت والی ویڈیو فوٹیج بھی شیئر کی جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ سینیٹر شبلی فراز نے گاڑی سے اترنے کے بعد تحمل سے مظاہرین کی بات سنی اور اس کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کم کرنے کی بات کرتے ہیں اور وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ میں بھی بتایا تھا کہ وفاقی ملازمین کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش ہے ‘ وزیراعظم عمران خان نے خود کفایت شعاری مہم کا آغاز کیا اور وزیراعظم آفس اور ہائوس کے اخراجات کم کیے لیکن سرکاری ملازمین کے مسائل اور مشکلات کا حل ہماری ترجیح ہے ۔وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے اس حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ افسوس ہے کہ ایسی بات مجھ سے منسوب کی گئی جو میں نے نہیں کہی‘ غلط طورپر جو بات مجھ سے منسوب کی گئی اس کا اس کے سوا اور کوئی مقصد دکھائی نہیں دیتا کہ غلط فہمیاں پیدا کرکے سیاسی مفاد حاصل کیاجائے۔امید کرتا ہوں کہ میڈیا اس معاملے پر اپنی ذمہ داریاں نبھائے گا۔