وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

163

اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے معاملے پر قانون سازی میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ملک کے مفاد میں ہے، ملکی مفاد کے معاملے پر حکومت کے ساتھ سودی بازی کرنے پر اپوزیشن بے نقاب ہو گئی ہے اور عوام کے دباﺅ پر اس نے ایف اے ٹی ایف بلز کی حمایت کی ہے، اپوزیشن جماعتیں ایف اے ٹی ایف قانون سازی کی آڑ میں اپنی خواہشات کے مطابق نیب قوانین میں ترامیم کر کے احتساب کو ختم کرانا چاہتی ہیں جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے دور میں ممکن نہیں ہے، عوام سے اپیل ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلے اور قانون سازی فرد واحد کیلئے نہیں بلکہ ملک کے مفاد میں کی جاتی ہیں، اپوزیشن کو ملکی مفادات کے معاملات پر سیاست کرنے کی بجائے بڑھ چڑھ کر حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں رویہ کچھ اور باہر کچھ اور ہوتا ہے، پیپلزپارٹی کا بھی یہی مسئلہ ہے کہ این سی او سی اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلے کئے جاتے ہیں اور اجلاس ختم ہوتے ہی یہ سیاسی بیان بازی شروع کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم سے متعلق اپوزیشن کی تجاویز دیکھ کر حیرانی ہوئی ہے، اپوزیشن جماعتیں کسی نہ کسی طریقے سے اپنے قائدین کو بچانے کیلئے راستہ تلاش کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، حکومت احتساب پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن این آر او مانگ رہی ہے جو کسی قیمت پر نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے نیب کو سیاسی انتقام کے طور پر استعمال کیا، ان کے قائدین پر ان کے اپنے دور حکومتوں کے دوران کیسز بنائے گئے، دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات ٹھیک چل رہے تھے لیکن تیسری جماعت کے اقتدار میں آنے کے بعد دونوں جماعتیں حصار میں پھنس گئی ہیں اور یہ نیب کو ختم کرنے کیلئے چیخ و پکار کر رہی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے قائدین بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہے، ان کی حاصل گفتگو یہی ہے کہ نیب کو بند کر دیا جائے، ان کے پاس اخلاقی جواز بھی نہیں کہ یہ ایسے مطالبے کریں، موجودہ حکومت کے دور میں اپوزیشن کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے حساب مانگ رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور رہنماﺅں کے اثاثے بڑھ رہے ہیں جبکہ غریب دن بدن غریب ہوتے جا رہے ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف کو چاہیے کہ واپس آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔ شبلی فراز نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کورونا وائرس وباءکے سامنے بے بس نظر آئے، اپوزیشن کی ہر طرح مخالف کے باوجود وزیراعظم عمران خان کی کورونا وائرس بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی کامیاب رہی اور عالمی سطح پر ان کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے جس پر ہمیں فخر ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ عیدالاضحی اور محرم الحرام کے موقعوں پر حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔