وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا بیرسٹر ظفراللہ کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب

341

لاہور۔24اپریل(اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کو نہ ماننے کا اعلان وزیراعظم کی اخلاقی فتح، اور سچائی اور دیانتداری کا ثبوت ہے، پاناما دستاویزات میں نام نہ ہونے کے باوجود وزیراعظم نے اخلاقی جرا ت کا مظاہرہ کیا اور کمیشن بنانے کا اعلان کیا، ‘ہم احتساب کی چھلنی میں سے تین دفعہ گزر چکے ہیں‘ عمران خان کی سیاست کے اخراجات برداشت کرنے والے کو بھی احتساب کی چھلنی سے گزرنا پڑے گا‘ ٹرمز آف ریفرنس منظر عام پر آنے کے بعد عمران خان کا سیاسی بوجھ اٹھانے والوں نے کرپشن بے نقاب ہونے کے ڈر سے عمران خان کو پکڑا اور کہا کہ اس کمیشن سے ہم بے نقاب ہو جائیں گے، سینے پر ہاتھ رکھ کر احتساب کیلئے پیش ہونے کا اعلان کرنے والے عمران خان نے اب بھاگنے کیلئے پیچھے ہاتھ باندھ لئے ہیں، ان کے چہرے کے بہت سے روپ قوم نے دیکھ لئے، جھوٹ، گالم گلوچ اور اب راہ فرار کا روپ بھی سامنے آ گیا۔ وہ لاہور پریس کلب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفراللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔