وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کی مختلف ٹی وی چینلز سے گفتگو

109

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پولیس نے دھاوا نہیں بولا بلکہ تحریک انصاف نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی ہے، جو لاقانونیت اختیار کرے گا قانون اسے گرفت میں لے گا، پولیس نے اپنا فرض ادا کیا ہے، عمران خان گذشتہ ایک ہزار دن سے اپنا آئینی و جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے جلسے جلوس کر رہے ہیں جنہیں حکومت نے کبھی نہیں روکا لیکن اب وہ طاقت کا استعمال کرتے ہوئے دوسرے شہریوں کے آئینی و جمہوری حقوق سلب کرنے جا رہے ہیں، یہ جتھہ بندی کر کے یلغار کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، جمہوریت کے نام پر کسی کو لاقانونیت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، حکومت نے پاکستانی عوام کے پرامن زندگی گزارنے کے حق کا تحفظ کرنا ہے۔ جمعرات کو مختلف ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اسلام آبادکے شہریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں مکمل تحفظ دیا جائے گا، حکومت اپنے تمام وسائل استعمال کر کے شہریوں کی زندگی میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دے گی اور کسی کو شہر بند کرنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی اور جو بھی فساد کی سیاست کرے گا، فتنے کی سیاست کرے گا، یلغار کی سیاست کرے گا یا لشکر کشی کی سیاست کرے گا جو کہ جمہوریت کے منافی ہے ہم اس کے مقابلے میں جمہوریت کا تحفظ کریں گے اور جمہوریت یہی ہے کہ پاکستان کے لوگ اپنے حقوق سے محروم نہ ہوں اور وہ اپنی زندگی جس طرح گذارنا چاہتے ہیں وہ گذاریں اور کوئی بھی اس میں رخنہ نہ ڈالے، خلل نہ ڈالے، اور جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اور شہریوں کی زندگی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو قانون ضرور حرکت میں آئے گا اور اسے اپنی گرفت میں لے گا۔