
گانسو ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون اور تجارت میں اضافہ سے ثقافت، اطلاعات اور ادب کے شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، پاکستان قدیم شاہراہ ریشم کے ذریعے تاریخی دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر جمہوریہ چین کا مشکور ہے، فلموں اور ڈراموں کے تبادلوں سے چینی اور پاکستانی معاشرہ ایک دوسرے کی ثقافت، روایات، اقدار اور طرز حیات سے باہمی آگاہی کے ساتھ مزید قریب آئیں گے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں چین کے صوبہ گانسو کے شہر ڈن ہوانگ میںچین کے وزیر برائے سٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف پریس پبلکیشن ریڈیو، فلم اینڈ ٹیلی ویژن ٹونگ گینگ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔ یہ ملاقات سلک روڈ انٹرنیشنل کلچرل ایکسپو کے موقع پر ہوئی جو ڈن ہوانگ میں منعقد ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ون بیلٹ ون روڈ انیشیٹیو کے ساتھ ہماری وابستگی سے تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے اور اس سے انفراسٹرکچر، روزگار، یکجہتی اور پاکستان میں ہمہ گیر ترقی فراہم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اور یورپ کو مختصر راستے کیلئے رسائی میں بھی سہولت دے گا۔ سینیٹر پرویز رشید نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے بڑی تعداد میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور تجارت میں اضافہ سے ثقافت، اطلاعات اور ادب کے شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔سینیٹر پرویز رشید نے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر چین کی حکومت اور صوبہ گانسو کے عوام سے اظہار تشکر کیا۔