اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اشتہارات کے 50 فیصد بقایا جات کی ادائیگی کے باوجود میڈیا ملازمین کی برطرفیاں کی جا رہی ہیں جو نا قابل قبول ہے، میڈیا ورکرز کی برطرفیوں پر شدید تحفظات ہیں، اس حوالے سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور سیکرٹری اطلاعات سے بات کروں گا، برطرف کیے جانے والے افراد کی لسٹیں فراہم کی جائیں تاکہ ایکشن لے سکیں۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے مرکزی گیٹ پر برطرف کیے گئے صحافیوںکے احتجاجی مظاہرے میں گفتگوکرتے ہوئے چوہدری فواد نے کہا کہ حکومت میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے، اشتہارات کے 50 فیصد بقایا جات کی ادائیگی کے باوجود ملازمین کی برطرفیاں کی جا رہی ہیں جو نا قابل قبول ہے، میڈیا کے مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ میڈیا ورکرز کے تمام مسائل حل کیے جائیں۔ میڈیا وروکرز ہمارا اثاثہ ہیں جن کے حقوق کا تحفظ کریں گے، اس حوالے سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور سیکرٹری اطلاعات سے بات کروں گا، جب موجودہ حکومت آئی تو اشتہارات کی ادائیگی نہیں کی گئی تھی، پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے خلاف اس وقت کی حکومت کی طرف سے میڈیا مہم چلائی گئی اور پیسے کا بے دریغ استعمال کیا گیا، اس وجہ سے حکومت کے ذمہ میڈیا کے بہت سے بقایاجات تھے۔ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق سرکاری اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کیا، اس مد میں 50 فیصد ادائیگی کی جا چکی ہے، ہمارا کلائینٹ ایجنسی ہوتی ہے اور اسی کے ذریعے ہم ادائیگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اداروں سے برطرف کیے جانے والے افراد کی لسٹیں فراہم کی جائیں تاکہ ایکشن لے سکیں۔