وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی صحافیوں سے بات چیت

75
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں آئل ریفائنری تعمیر کرے گی، ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان کے دورہ پاکستان کے دوران آئل ریفائنری کی صورت میں بڑی سرمایہ کاری پر بات چیت کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ اتوار کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پہلے سے ہی ادائیگیوں کے توازن کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے لئے تین ارب ڈالر کیش معاونت کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی کے ضمن میں بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے کیونکہ یو اے ای کی قیادت پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زید النیہان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود خوشگوار اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر بطور ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان کا یہ پہلا دورہ تھا، قبل ازیں انہوں نے 2007ءمیں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ میں دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان یہ تیسرا رابطہ تھا، جو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد شیخ محمد زید النیہان کے دورہ پاکستان کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کے دورہ یو اے ای کے دوران یو اے ای کی قیادت نے پاکستان کو اقتصادی بحران سے نکالنے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات میں پاکستان کو موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی کی سہولت پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری نے بتایا کہ یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ملک میں سرمایہ کاری کا بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں لاکھوں پاکستانی کام کر رہے ہیں، یو اے ای میں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد کام کر رہی ہے، ولی عہد نے متحدہ عرب امارات کی ترقی کے لئے جو اقدامات کئے ہیں، انہیں سب سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفود کی سطح کی بات چیت میں یو اے ای کی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں سے متعلق معاملہ بھی زیر غور آیا۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد سے درخواست کی گئی کہ معمولی جرائم میں ملوث پاکستانی قیدیوں کے معاملے کو نرمی سے نمٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں دونوں ممالک کے درمیان طریقہ کار طے کیا جائے گا۔