33.8 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی...

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا، آج ہمیں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کی ذمہ دار یہی دو سیاسی جماعتیں ہیں جنہوں نے اپنی حکومتوں کے ادوار میں بیرونی ممالک سے قرض تو لیا لیکن اسے ملک و قوم کی تعمیرو ترقی پر خرچ کرنے کی بجائے منی لانڈرنگ کر کے قومی دولت کو بیرون ملک منتقل کیا، یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے لیے گئے بیرونی قرضوں کا سود ادا کرنے کے لیے روزانہ 6 ارب روپیہ ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں گیس سیکٹر میں ایک روپے کا قرض نہیں تھا لیکن شاہد خاقان عباسی گیس سیکٹر میں بھی 157 ارب روپے کا قرضہ چھوڑ کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور میں برآمدات اور درآمدات کا توازن خراب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے انفراسٹرکچر کے منصوبے لگا کے پیسوں کو ضائع کیا، مثال کے طور پر لاہور میں 27کلومیٹر کی اورنج لائن ٹرین پر (ن) لیگ کی حکومت نے 3 بلین ڈالر لگائے جبکہ پشاور سے کراچی تک کا ایم ایل ون 6 بلین ڈالر میں لگنا تھا تو بجائے اس کے کہ پشاور سے لاہور تک کی ٹرین کو ڈبل ٹریک کر دیتے جو ٹرین کا شاندار منصوبہ ہوتا لیکن انہوں نے صرف 27 کلومیٹر کی اورنج لائن ٹرین جیسے لگثری منصوبے پر تین بلین ڈالر لگا دئیے جو غیر ضروری اور نامناسب تھا، اس کے علاوہ پنجاب میں ان لوگوں نے جو بسیں چلائیں انہیں صرف سڑکوں پر رکھنے کے لیے سالانہ 7 ارب روپیہ چاہیئے اور اورنج لائن ٹرین جو ابھی چلی بھی نہیں اس کے متعلق ابھی سے بتایا جا رہا ہے کہ اسے چلانے کے لیے بھی ہر سال 15 سے 18 ارب روپیہ درکار ہو گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ محمد زبیر اور اسحاق ڈار سمیت ان کے دیگر حواریوں نے گزشتہ دور حکومت کے دوران جو کچھ کیا، یہ ان لوگوں کی ہمت ہے کہ آج بھی روزانہ ٹی وی پہ آتے ہیں، انہیں تو باہر نہیں نکلنا چاہیئے تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت اور ہماری دیانتدار قیادت کے باعث بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور سعودی عرب سمیت متحدہ عرب امارات، چین اور دیگر ممالک پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس سے قومی معیشت مستحکم ہو گی اور عوام خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے اور صحت وتعلیم سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی عوام کی دہلیز پر یقینی بنانا چاہتی ہے، اسی سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں انقلابی اقدام کرتے ہوئے صحت انصاف کارڈ کے اجراءکا اعلان کیا ہے اور یہ انقلابی منصوبہ رواں ماہ کی 20 تاریخ سے پنجاب میں لانچ ہو رہا ہے جس سے پنجاب میں تقریباً ایک کروڑ غریب افراد کو فائدہ ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے معاملات بالکل ٹھیک چل رہے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان سمیت اراکین پنجاب اسمبلی کا مکمل اعتماد بھی حاصل ہے۔ سانحہ ساہیوال کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں اور مقتولین کے خاندان والوں کو بھی پوری طرح اعتماد میں لے رہے ہیں اور ماضی کی طرح نہیں ہو گا بلکہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مذید کہا کہ شہباز شریف دور میں ماورائے عدالت قتل ہونیوالوں پر بھی عدالتی کمیشن بننا چاہیئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=132975

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں