وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

249

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا افغانستان اور خطے میں قیام امن کے حوالے سے انتہائی اہم کردار ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے بعد وزیراعظم عمران خان نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے درمیان تنازعات کے خاتمے کے حوالے سے قدم اٹھایا ہے، سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں اور نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کیخلاف جلد ہی کریک ڈاﺅن شروع کیا جائے گا۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی اتحادی فورس میں 41 ممالک شامل ہیں جس سے علاقائی تنازعات میں کمی آئے گی۔ علاوہ ازیں جنرل راحیل شریف کولیشن فورس کے سربراہ ہیں جو مسلم امہ اور پاکستان کیلئے بہت سود مند بات ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے بھارت کے ساتھ روابط کے حوالے سے کہا کہ سعودی عرب جنوبی ایشیا کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے سفارتی آداب پر گامزن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب گوادر میں آئل ریفائنری لگانے کیلئے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان یمن تنازعہ کو ختم کرنے کیلئے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کی کوششوں سے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے مابین تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ماضی کے دیگر پاکستانی لیڈرز کے مقابلے میں صرف ذوالفقار علی بھٹو نے مشرق وسطیٰ کے حوالے سے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ اس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی طرف قدم بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے ساتھ ذاتی تعلقات قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاﺅن ہو گا۔