
لاہور۔17 مارچ(اے پی پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے پچاس سے زائد ممالک کو آن آرائیول ویزہ فری انٹری،98ممالک کوبزنس ویزہ اور 170ممالک کیلئے ای ویزہ کی سہولت دی گئی ہے جس سے ملکی سیاحت کو فروغ اور ٹریڈ میں اضافہ ہو گا،وہ الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں کالج آف ٹوارزم اینڈ ہوٹل منیجمنٹ (کوتھم)کے زیر اہتمام انٹرنیشنل کلنری فیسٹیول مقابلوں کے شرکاء میں میڈل،ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی،انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کلنری فیسٹیول زبردست رنگا رنگ پروگرام ہے جس میں دنیا کے مختلف ممالک کی شرکت خوش آئند ہے جس کا کریڈٹ کوتھم کو جاتا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں ذائقوں کی سر زمین کہا جاتا ہے ،فیسٹیول میں کھانوں کے دلکش ذائقے دیکھنے میں آئے، ا ئندہ حکومت بھی اس میں شامل ہو گی اور دنیا بھر سے بڑے ایونٹ کرنے والے یہاں پر اپنا ایونٹ کریں گے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ اس طرح کے پروگرام پاکستان میں ہونے سے ٹورازم اور روز گار بڑھے گا ،پاکستان مستقبل میں بھی ایسے ہی پروگرام کراتا رہے گا جس سے فوڈ انڈسٹری کے ساتھ ساتھ ثقافت کو فروغ ملے گا اور معیشت ترقی کرے گی، حکومت پاکستان مستقبل میں ایسے پروگراموں کو بھرپور سپورٹ کرے گی ،انہوں نے کہا کہ ٹورازم اور فوڈ سیکٹر کی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ہم بین الاقوامی سطح پر اس طرح کی تقاریب منعقد نہ کریں اور غیر ملکی وفود کو پاکستان کے بارے میں جاننے کے مواقع فراہم نہ کریں اس طرح کی تقریب سے پاکستان کی ٹورازم انڈسٹری کو فروغ ملے گا کوتھم پاکستان اینڈ دبئی شیف ایسوسی ایشن آف پاکستان اور ٹوپازکمیونیکیشن کے اشتراک سے منعقدہ پاکستان کے تیسرے 3 روزہ شیفز چیلنجز پاکستان 2019ء میں4 ممالک کی انٹرنیشنل کلنری ٹیمز نے شرکت کی شرکت کرنے والے افراد یہاں نہ صرف کلنری مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے بلکہ لاہور کی ثقافت کے مختلف رنگوں کو ایک ہی جگہ دیکھنے کا موقع ملا، فیسٹیول خصوصی طور پر کھانوں کلچر اور ہاسپٹیلیٹی آف پاکستان کے بارے میں انتہائی اہمیت کا حامل تھا ۔