وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی زیرصدارت میڈیا یونیورسٹی کے قیام کے حوالہ سے اجلاس

95
APP93-19 ISLAMABAD: March 19 - Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhary Fawad Hussain chairing a meeting regarding the establishment of Media University. APP

اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت پہلی حقیقی میڈیا یونیورسٹی کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے جس میں پاکستان کی نسل نو کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے مرکز کا قیام بھی شامل ہے۔ منگل کو میڈیا یونیورسٹی کے قیام کے حوالہ سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکومت پہلی حقیقی میڈیا یونیورسٹی بنانے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں پاکستان کی مستقبل کی نسلوں کیلئے ٹیکنالوجی پر مبنی حب بھی شامل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کے دور نے سوشل میڈیا کی اہمیت کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ جدید مہارتیں سیکھی جائیں، یہ مہارتیں دور حاضر کی میڈیا صنعت سے منسلک رہنے کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور انفارمیشن سروس اکیڈمیزکو ضم کرکے میڈیا یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے جو ایک جدید شاہکار یونیورسٹی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کی تیاری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی، نصاب میں مضامین کی وسیع تعداد ہو گی جس میں ڈرامہ پروڈکشن، فلم اور سینما سٹڈیز پر کورسز بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو نہ صرف نیوز، میڈیا اور دیگر صحافتی امور کے بارے میں تعلیم دی جائے گی بلکہ انہیں بہترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے چین کی ٹیلی کام کمپنی ہواوے سے میڈیا یونیورسٹی میں تکنیکی سکول کے قیام کیلئے شراکت داری اور معاونت طلب کی۔ ہواوے کے کنٹری ہیڈ سیف چی نے منصوبہ میں تعاون میں اپنی گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے اجلاس میں پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں کمپنی کے جاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات، چیئرمین ایچ ای سی، ہواوے کے کنٹری ہیڈ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔