وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا ویڈیو پیغام

84

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی نیب میں تفیش کےلئے پیشی کے دوران چند درجن لوگوں نے پولیس پر حملہ کیا، کیا آپ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کو تفتیش کیلئے کیوں بلایا، یہ رویہ کالعدم تنظیموں سے کس طرح مختلف ہے جن پر نیشنل ایکشن پلان کا نفاذ ہو رہا ہے، یہ رویہ قانون کے تقاضوں کے منافی ہے، امید ہے پی پی پی اور ان کی قیادت اپنے رویہ پر معذرت کرے گی، بلاول خطاب ایسے کر رہے تھے جیسے سامنے لاکھوں کا مجمع ہو، حملے پر پولیس نے صبر کا مظاہر کیا، پولیس کی معاملہ کو غیر جانبداری سے نمٹانے کی کوشش کی جوقابل ستائش ہے۔ بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی نیب پیشی کے حوالہ سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو نیب نے تفتیش کےلئے بلایا، اس پیشی کے موقع پر پی پی پی کے تقریباً 500 کے قریب کارکنان جمع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ چند درجن لوگوں نے پولیس پر حملہ کیا، یہ رویہ قانون کے تقاضوں کے منافی ہے، اس حملہ میں چار پولیس اہلکاروں اور 2 کیمرہ مینوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نیب میں تفیش کےلئے پیشی کے دوران چند درجن لوگوںکے حملہ پر پولیس نے صبر کا مظاہر کیا، پولیس کی معاملہ کو غیر جانبداری سے نمٹانے کی کوشش قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیس کے اسی رویہ کو آگے بڑھانا چاہتے ہیںلیکن جب کوئی بھی حد پار کرے گا تو ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ افہام و تفہیم چاہتے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ احتساب روک دیا جائے، جن لوگوں پر مقدمات ہیں انہیں ان کا سامنا کرنا ہو گا، ایسا ممکن نہیں کہ آپ تحقیقات کے عمل کو متاثر کر سکیں۔