اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بدھ کو سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ کیا۔ سرمایہ کاری بورڈ آمد پر وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن اور سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر نے وفاقی وزیر اطلاعات کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کو سرمایہ کاری بورڈ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مزید سہولت فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سرمایہ کاری بورڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔