اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے جناح ہسپتال کراچی کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو اپنے تغزیتی بیان میں وفاقی وزیر نے مرحومہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، ڈاکٹر سیمی جمالی نے طب کی دنیا میں بہادری، دلیری اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قابل قدر خدمات انجام دیں، ڈاکٹر سیمی جمالی کی خدمات کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا، وہ پاکستان کا وقار تھیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی وبا کورونا کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے 9 گلوبل ہیروز میں ڈاکٹر سیمی جمالی کی شمولیت پاکستان کے لئے باعث فخر تھی، کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود ڈاکٹر سیمی جمالی نے اپنے فرائض منصبی بہترین طور پر انجام دیئے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔