وفاقی وزیر اطلاعات کا سینئر صحافی ایازا میر پر نامعلوم افراد کے حملے اور تشدد کا نوٹس، حکومت ایاز امیر پر تشدد کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے گی، انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے، مریم اورنگزیب

92
ضمنی انتخابات کا نتیجہ الیکشن کمشن اور اداروں کی جانبداری کے خلاف بیانیہ کی موت ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی و تجزیہ کار ”دنیا نیوز” ایازا میر پر لاہور میں ہونے والے نامعلوم افراد کے حملے اور تشدد کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایازا میر پر لاہور میں حملے کی اطلاع پر وزیر داخلہ پنجاب عطا اللہ تارڑ سے رابطہ کیا۔

عطا اللہ تارڑ نے وفاقی وزیر اطلاعات کو بتایا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافی ایاز امیر پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے، واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ حکومت ایاز امیر پر تشدد کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے گی، انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کی آزادی کے بغیر جمہوریت کا کوئی تصور نہیں، صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اظہار رائے، اختلاف رائے اور تنقید پر حملوں سے حقیقت مٹ نہیں جاتی، عمران صاحب حکومت میں تھے تو صحافیوں کو جیلوں میں بند کر رہے تھے، پسلیاں توڑ رہے تھے، جو صحافی آج منہ پر سوال پوچھ رہے ہیں، ان کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہے ہیں،

حکومت چلی گئی لیکن عمران صاحب کی فسطائیت اور آمریت نہیں گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ایاز امیر سے ہمدردی کا اظہار کیا اور حملہ آوروں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی