وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جاری ریاستی دہشت گردی کی مذمت

75

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف پاکستان خطے میں امن کی خاطر اور جذبہ خیرسگالی کے تحت کرتارپور بارڈرکھولنے جیسے مثبت اقدامات کر رہا ہے تو دوسری جانب بھارت نفرت اور تعصب کی آگ میںمقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو شہید کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ جمعہ کو جاری اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب پانچ چھ نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید نہ کر دیا جاتا ہو۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے کشمیریوں کی نسل کشی کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس میں اسے بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کویہ جان لینا چاہیے کہ اس کے اوچھے ہتھکنڈے کسی صورت میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے عزم کو ختم نہیں کرسکتے اور وہ تمام تر بھارتی ریاستی دہشت گردی اور درجنوں کالے قوانین کے نفاز کے باوجود بھارت سے اپنا حق خود ارادیت چھین کر رہیں گے۔