شانگلہ۔ 24 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے اتوار کو زمینی صورتحال کا جائزہ لینے اور حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد سے اظہار تعزیت کےلیے شانگلہ کے سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے اپنے مہمان خانہ میں قائم عائشہ فاؤنڈیشن امدادی کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے یو این ایچ سی آر کیمپ پورن میں متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا،انہوں نے شانگلہ ٹاپ سے پورن تک متاثرہ سڑکوں اور علاقوں کا دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران انجینئر امیر مقام نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور سیلاب سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی، وفاقی وزیر نے متاثرہ سڑکوں کا معائنہ کیا اور بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے عوام کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور امدادی و بحالی کے کاموں کو تیز ترین بنیادوں پر یقینی بنانے کےلیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلاب سے متعلق امدادی و بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ آبادی کی مکمل معاونت کےلیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مقامی رضاکاروں، وفاقی اداروں اور صوبائی محکمہ جات کی بروقت کارروائیوں اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی لگن اور فوری ردعمل نے اس قدرتی آفت کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دی اور متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سیلاب کی شروعات سے ہی وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام مسلسل میدان میں موجود رہے ہیں، وہ متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں، نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور متاثرین سے براہ راست ملاقات کر کے ان کی ضروریات اور مسائل کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کی موجودگی بہت سے لوگوں کےلیے حوصلے کا باعث بنی ہے کیونکہ وہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان قریبی رابطے کے ذریعے امدادی کارروائیوں میں تیزی لا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ایک بار پھر یقین دلایا کہ وفاقی حکومت متاثرہ علاقوں میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی اور مکمل بحالی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔