گلگت۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ضلع غذر کے شدید متاثرہ علاقہ تالی داس سپل وے کا دورہ کیا، جہاں حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں کے باعث کئی گھر تباہ اور پورا گاؤں ملبہ تلے دب گیا۔دورے کے دوران وفاقی وزیر کو مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقہ کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سڑک بہہ جانے اور دیگر انفراسٹرکچر کی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔انجینئرامیر مقام نے نقصانات کا جائزہ لیا اور فوری طور پر سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائےاور بحالی کا عمل فوری بنیادوں پر شروع کیا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ "وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ متاثرہ علاقوں کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے۔مزید برآں انہوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ طور پر امدادی سرگرمیوں کو تیز کریں تاکہ متاثرہ لوگوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ وفاقی سیکرٹری امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن اور اعلیٰ حکام ،سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ الرحمٰن ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈی ایم اے ذاکر حسین، ہوم سیکرٹری علی اصغر، کمشنر گلگت ڈویژن اسد ہارون، ڈی سی غذر ، اے ڈی سی گوپیس یاسین بھی اس موقع پر موجود تھے،وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر گلگت بلتستان کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔