
اسلام آباد ۔ 31دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت انسانی حقوق اور صنفی مساوات کے فروغ سے متعلق عزائم کو پورا کرنے کی جانب گامزن ہے، اس امر کی ضرورت ہے کہ ہم اس پیغام کو پوری دنیا میں بھیجیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو وزارت انسانی حقوق میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران ملک کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق اور صنفی مساوات کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی کوششوں اور منصوبہ بندی کے طریقوں کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزائم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں یورپ میں مسلمانوں کی حالت اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کے خدشات بھی زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر نے صنفی مساوات اور اختیارات کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔