اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے جمعہ کے روز کراچی میں چینی قونصلیٹ کے باہر فائرنگ اور حملے اور اورکزئی میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم اور بے گناہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ اورکزئی حملے کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی افغانستان میں ناکامی کے بعد پاکستان کو ایسی مذموم کارروائیوں سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا ہو گا، ہمارے لوگوں، خاص کر قبائلی علاقوں اور قبائلی عوام کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور عوام کی زیادہ سکیورٹی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کراچی میں چینی قونصلیٹ کے باہر فائرنگ اور حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کو سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجہ میں ناکام بنایا گیا۔