وفاقی وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی کی زیرصدارت ویانا میں یو این او ڈی سی کا 63 واں سی این ڈی اجلاس

63

اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور چین نے سی پیک کو دنیا کے پہلے منشیات سے پاک راہداری کے طور پر وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے ، جس سے روس ، ایران ، تاجکستان اور دیگر علاقائی تجارتی راہداریوں کو بھی منشیات سے پاک بنانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی آسٹریا کے شہر ویانا میں یو این او ڈی سی کے 63 ویں سی این ڈی اجلاس کی صدارت اور چین ، روس ، ایران ، تاجکستان ، متحدہ عرب امارات اور دیگر علاقائی ممالک کے وفود سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن سی پی ای سی کو منشیات سے پاک راہداری بنانا ہے۔ قبل ازیں روسی وفد سے ملاقات کے دوران ، روسی حکام نے منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں فریقین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے لیے بہتر تربیتی انتظامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ خطے میں اجتماعی طور پر منشیات کے ناسور سے نجات کے لیے چین اور روس کے ہمراہ دیگر علاقائی ممالک سے بھی مشاورت کی گئی۔روسی وفد نے اس حقیقت کا اعتراف کیا کہ پاکستان اور روس کے مابین منشیات اسمگل ہونے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ روسی وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان واقعی منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کررہا ہے اور علاقائی امن کو برقرار رکھنے کا ذمہ دار ہے۔وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا ، "منشیات کی اسمگلنگ پورے خطے کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا”۔ پاکستان نے دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ یکطرفہ ملاقاتیں کیں جن میں ایران ، افغانستان اور تاجکستان شامل ہیں۔ ملاقات کا مقصد اجتماعی تعاون کے ذریعے علاقائی تجارتی راستوں پر مصنوعی ادویات کے بہاو¿ کو کنٹرول کرنے کے عمل کو تیز بنانا ہے۔ایرانی حکام نے دونوں ممالک کو درپیش افغان افیون کے مسئلے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ ایران نے مشترکہ سرحدی گشت اور بحری مشقوں کے ذریعے زمین اور سمندر کے راستے منشیات کی غیر قانونی آمدورفت کے خاتمے میں پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔پاکستان نے ایران اور افغانستان دونوں ممالک کو ایک مشترکہ منصوبہ بنانے کی دعوت دی تاکہ اس علاقے کو مشترکہ طور پر منشیات کے عفریت سے نجات حاصل ہو۔ ایران نے تہران میں موجود مشترکہ منصوبہ بندی سیل میں مستقل طور پر اے این ایف سے رابطہ افسر تعینات کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔تاجکستان کے وفد نے افغانستان کی جانب سے افغان افیون کی غیر قانونی تجارت کے مسئلے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ وفد نے کہا کہ اگرچہ منشیات کی اسمگلنگ میں مجموعی طور پر کمی حوصلہ افزا ہے لیکن تاجکستان میں منشیات کی فراوانی نوجوانوں کو متاثر کررہی ہے۔شہریار آفریدی نے انہیں خطے میں منشیات کی روک تھام کے لئے پاکستان کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔متحدہ عرب امارات کے عہدیداروں نے دستاویزی فلم ‘آپریشن تھینک یو پاکستان’ کی شکل میں پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔افغان وفد سے ملاقات کے دوران ، شہریار آفریدی نے افغان وفد کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان ا±ن کے ملک میں امن کا خواہش مند ہے جو علاقائی اور عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے۔