وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے سمارٹ ویلج منصوبے کا افتتاح کر دیا

278

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے اسمارٹ ویلیج منصوبے کا افتتاح کردیا۔اسلام آباد کے مضافاتی گاؤں گوکینہ میں افتتاح کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت و تعلیم سے متعلق ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کی طرف یہ منصوبہ پہلا قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ گوکینہ میں گرلز سیکنڈری اسکول میں جدید کمپیوٹر لیب اور ورچوئل ایجوکیشن کی فراہمی کی جائے گی۔گاؤں میں طبی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کے پیش نظر ڈیجیٹل میڈیکل کنسلٹنسی کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کیلئے یونیورسل سروس فنڈ، انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین، ہواوے پاکستان، ٹیلی تعلیم اور صحت کہانی مشترکہ کاوشیں کر رہی ہیں۔یہ پائلٹ پراجیکٹ ہے جلد ہی چاروں صوبوں میں اسی طرح کے اسمارٹ ویلیج منصوبوں کا آغاز کریں گے، ہمارا عزم اپنے گاؤں دیہاتوں میں رہنے والے لوگوں کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنا ہے۔ امین الحق نے کہا کہ کچھ ہفتوں قبل ہم نے ٹیلی کام فاؤنڈیشن کے تحت کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اور حیدرآباد میں ڈیجیٹل اسکولز قائم کیئے،کئی ممالک میں روزمرہ کے امور، صحت، تعلیم، زراعت سب کچھ ڈیجیٹل ہوچکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کے استعمال نے مشکل اور وقت طلب امور کو آسان اور قلیل وقت میں کرنے کی سہولت فرااہم کردی ہے۔شہروں میں تو انٹرنیٹ کی سہولیات حاصل ہیں، گاؤں دیہاتوں کے لوگ ان سہولیات سے ناواقف ہیں پاکستان کی نوجوان آبادی میں قابلیت اور صلاحیتوں کی کمی نہیں۔ انھیں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔سمارٹ ویلیج منصوبہ ہونہار نوجوانوں کو آگے لانے اور علاقہ مکینوں کے روز مرہ مسائل کے حل میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔