وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے بارسلونا میں عالمی ٹیلی کام اورمالیاتی اداروں کے وفود کی ملاقاتیں

96

بارسلونا/اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے بارسلونا میں عالمی ٹیلی کام اورمالیاتی اداروں کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔عالمی بینک کے وفد نے پریکٹس مینیجر نکول کلینگن کی قیادت میں سید امین الحق سے ملاقات کی،نائب صدر انفراسٹرکچر ریکارڈو پلیٹی اور گلوبل لیڈ براڈ بینڈ ایکسز ڈوئل گیلیگوس بھی وفد میں شامل تھے۔

سید امین الحق سے اتصالات گروپ چیف حاتم دویدار نے پی ٹی سی ایل کے صدر حاتم بامعترف کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقاتوں میں پاکستان میں موبائل کنکٹیویٹی، نیٹ ورک اپ گریڈیشن، فائیو جی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر امین الحق نے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں کئے جانے والے اقدامات سے وفود کو آگاہ کیا۔

عالمی وفود نے پاکستان میں آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن کے حوالے سے وزارت کی کوششوں کی تعریف کی وفاقی وزیر سے ہواوے گروپ، اسپین میں پاکستانی سفیر اور قونصل جنرل سمیت اہم عہدیداران نے بھی ملاقاتیں کیں۔بارسلونا میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگریس میں پاکستان کی ٹیلی کمیونیکیشن شعبے میں اصلاحات کو سراہا گیا ہے۔وفود نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل کنکٹویٹی کے اعتبار سے وسیع اور منافع بخش مارکیٹ ہے۔