
اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رہائی کو 4 روز گزرگئے ہیں تاہم ابھی تک انہیں ہسپتال میں داخل نہیں کرایا گیا، میرا پھر مشورہ ہے کہ نواز شریف کےلئے آسان راستہ پلی بارگین ہے۔ ہفتے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ”ٹوئٹر“پر اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کو رہا ہوئے 4 روز گزر چکے ہیں تاہم انہیں ابھی تک ہسپتال میں داخل نہیں کرایا گیا، کیا ان کا مقصد صرف جیل سے باہر آنا تھا یا وہ بیماری کے علاج کےلئے آخری ہفتے کا انتظار کررہے ہیں ۔ انہوں نے میاں نواز شریف کو ایک بار پھر مشورہ دیا کہ ان کے لیے آسان راستہ پلی بارگین ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیسہ حسن اورحسین کا نہیں بلکہ نواز شریف کا ہے ۔ انہوں نے میاں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس قوم نے تین مرتبہ آپ کو عزت دی ، ان کا پیسہ واپس کردیں۔