سوات/خوازہ خیلہ۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے تحصیل بار ایسوسی ایشن خوازہ خیلہ، سوات کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر امیر مقام نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب حلف برداری میں وکلاء برادری اور معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔
انجینئر امیر مقام نے نومنتخب کابینہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ وکلاء کا کردار ہمیشہ امیدوں پر پورا اترنے والا ہونا چاہئے، ذاتی مفادات کی بجائے ادارہ جاتی اور قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہئے، وکالت ایک مقدس پیشہ ہے اور مشکل وقت میں وکلاء کو ہر اول دستے کا کردار ادا کرنا چاہئے، جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حق و سچ کے لئے آواز بلند کرنا وکلاء کا اولین فرض ہے۔تقریب میں قائد پاکستان مسلم لیگ (ن )محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا گیا کہ کس طرح انہوں نے ہمیشہ سیاست سے بالاتر ہوکر اداروں کی بالادستی اور ملکی مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ قوم اور ملک کی خدمت کی جائے گی۔امیر مقام نے کہا کہ یہ ملک سب کا ہے اور اس کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں۔بھارت کی غیر سنجیدہ پالیسیوں اور جارحانہ بیانیے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہ ایسے غیر سنجیدہ بیانات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کیا جن کے حوصلے آج بھی بلند ہیں اور جن کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ امیر مقام نے یاد دلایا کہ ایک لاکھ شہداء کی قربانیاں، بیوہ عورتیں اور تباہ شدہ گھر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی گواہی دے رہے ہیں۔
امیر مقام نے جعفر ایکسپریس واقعہ پر بھارت کی مجرمانہ خاموشی اور پاکستان پر الزامات لگانے کو سمجھ سے بالاتر قرار دیا۔ بھارت کی طرف سے پانی کے معاہدے (واٹر ٹریٹی) کو ختم کرنے کی دھمکیوں کو غیر سنجیدہ اور عالمی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے پاکستان کی کشمیریوں سے محبت کو ختم نہیں کیا جا سکتا بلکہ یہ رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ افواج پاکستان اور قوم ہر بھارتی سازش کو ناکام بنانے کے لئے متحد ہیں۔ آج پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور یہ کارنامہ نواز شریف کی قیادت میں سرانجام پایا جنہوں نے 1998 میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔ آج بھی نواز شریف زندہ ہیں، ان کی جماعت حکومت میں ہے اور بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اگر جارحیت کی گئی تو اس کا دوہرا جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے بھارت کو پیغام دیا کہ اگر انہیں جنگ کا شوق ہے تو فتح پاکستان کی ہوگی اور اگر انہیں چائے پینے کا شوق ہے تو ہمیں "کھانے” شوق ہے۔امیر مقام نے کہا کہ انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مشکل حالات میں قوم اور قیادت کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی کسی مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر حال میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کے بیرون ملک پاکستانیوں کو رقوم نہ بھیجنے کی اپیل کے باوجود ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، جو موجودہ حکومت پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے مہنگائی میں نمایاں کمی کی ہے اور عوام کے مفادات کو ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے۔
انہوں نے بار ایسوسی ایشن کے لئے 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا اور سولر سسٹم کی فراہمی کے لیے بھی کوشش کرنے کا وعدہ کیا تاکہ وکلاء کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔تحصیل بار ایسوسی ایشن خوازہ خیلہ کی نومنتخب کابینہ کو ایک مرتبہ پھر مبارکباد دی گئی اور امید ظاہر کی گئی کہ وہ آئندہ بھی قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر اپر سوات کے پارٹی صدر قیموس خان، سابق ضلع ناظم و سیکرٹری جنرل سوات ڈویژن محمد علی شاہ، اپر سوات پارٹی کے سیکرٹری جنرل موسیٰ خان، سابق رکنِ صوبائی اسمبلی سردار خان و دیگر پارٹی راہنما ہمراہ موجود تھے۔کابینہ راکین صدر تحصیل بار خوازہ خیلہ ایڈووکیٹ لیاقت علی،نائب صدر ایڈوکیٹ غلام مرتضیٰ،خان، سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ انعام اللہ،جائنٹ سیکرٹری ایڈووکیٹ محمد خان، لائبریری سیکرٹری ایڈووکیٹ سمیع اللہ، اور فنانس سیکرٹری ایڈووکیٹ ذاکر حسین موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589017