اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سائبر سیکورٹی میں مستحکم صلاحیت رکھتا ہے۔بہتر کنیکٹیویٹی سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے کم تاخیر (لو لیٹینسی)کی سہولت میں بہتری ممکن ہوگی۔
جمعرات کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ڈیجیٹل شراکت داری کو وسعت دینے پر بات چیت کی گئی ہے۔ازبک سفیر علیشیر تُختایو نے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ پاکستان سائبر سیکورٹی میں مستحکم صلاحیت رکھتا ہے، ہمارے پاس NCERT اور NTISB جیسے ادارے موجود ہیں۔
ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تمام ڈیجیٹل خدمات کے لیے ون ونڈو سسٹم کے قیام اور شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹیکنالوجی منصوبوں کے لیے وینچر کیپیٹلز کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نےنوجوانوں، خصوصاً خواتین کے لیے ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرامز کے انعقاد پر غور کیا۔تعلیمی تعاون، بشمول مشترکہ اور تبادلہ پروگرامز کے فروغ کی تجویزدی گئی۔ملاقات میں انکیوبیشن سینٹرز اور سائبر سیکورٹی کے شعبے میں شراکت داری پر اتفاق کیا گیا۔
ازبک سفیر نے آئی ٹی اور ٹیلی کام وزراء کے باہمی دوروں کی ضرورت پر زوردیا۔ملاقات میں نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تجویزدی گئی۔آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں جوائنٹ ورکنگ گروپ (JWG) کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ وزارتِ آئی ٹی نے ازبکستان کے ساتھ تعاون کے لیے ایکشن پلان وزارتِ خارجہ کے ذریعے شیئر کر دیا۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے ازبک سفیر کی تجاویز سے اتفاق کیا۔انہوں نےدوطرفہ آئی ٹی و ٹیلی کام تعاون کو مواقع سے بھرپور قرار دیا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نےوسطی ایشیا کے لیے واکھان کاریڈور اور چین (ڈیجیٹل سلک روڈ) کے ذریعے او ایف سی کنیکٹیویٹی کی اہمیت پر زوردیا اور کہا کہ بہتر کنیکٹیویٹی سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے کم تاخیر (لو لیٹینسی) کی سہولت میں بہتری ممکن ہوگی۔ پاکستان میں موجود 8 قومی انکیوبیشن سینٹرز (NICs) میں دوطرفہ اسٹارٹ اپ تعاون کے امکانات پر گفتگوکی گئی۔ازبک سفیرنے کہا کہ “ازبکستان وسطی ایشیا کا مرکز ہے، جہاں 18 ملین کی آبادی ہے۔ازبک سفیر نے دوطرفہ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے قیام کی تجویزدی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576804