وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان کا قومی اسمبلی میں دلاﺅ نوٹس کا جواب

73

اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بجلی چوری اور کنڈا سسٹم کی روک تھام کے لئے اے بی سی کیبل کی تنصیب کا کام آئندہ سال موسم گرما تک مکمل کرلیں گے‘ جن علاقوں میں بجلی چوری یا کنڈا سسٹم ہے وہاں پر لوڈشیڈنگ نہ کئے جانے کی گارنٹی نہیں دے سکتے‘ بقایا جات کی وصولی کے لئے لائحہ عمل بنارہے ہیں‘ڈیرہ اسماعیل خان‘ کرک‘ پشاور میں اربوں روپے کے لائن لاسز ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں ناصر موسیٰ زئی کے پشاور شہر میں ٹاسک فورس کی جانب سے بجلی کے گھریلو صارفین کی بجائے صنعتی اور تجارتی صارفین کے مسائل کو ترجیح دینے سے متعلق توجہ دلاﺅ نوٹس کے جواب میں وزیر برائے بجلی عمر ایوب نے بتایا کہ ہماری حکومت نے بجلی کے ٹیرف میں نیپرا کی تجویز سے بہت کم اضافہ کیا۔75 فیصد اس اضافہ سے مستثنیٰ ہیں۔ 95 فیصد صنعتی صارفین بھی اس اضافہ کی زد میں نہیں آتے۔ ہم نے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔ جن کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کرتا ہے۔ یہ ٹاسک فورس بجلی کے غیر قانونی کنکشن کو قانونی بنانے اور بجلی کی چوری روکنے کے لئے اقدامات کرے گی۔