وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری کا ترکیہ اور شام کے سفارتخانوں کا دورہ

134

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) شازیہ مری نے بدھ کو اسلام آباد میں ترکیہ اور شام کے سفارتخانوں کا دورہ کیا، دونوں ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی اور زلزلہ میں جاں بحق افراد کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔ شازیہ مری نے ترک سفیر سے دلی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے حالیہ زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے ترک سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہن و بھائیوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 2005 میں پاکستان میں آنے والے زلزلہ میں ترکیہ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی تھی اور پاکستان بھی مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کو یاد رکھے گا۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر ترک سفارتخانے میں رکھی گئی مہمانوں کی کتا ب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ شام کے سفیر سے زلزلہ میں ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے،

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے شام کے عوام انتہائی مشکل صورتحال سے دو چار رہے۔ انہوں نے شام کی حکومت کو مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے شام کے سفیر کو بتایا کہ حکومت پاکستان نے ترکیہ اور شام کے عوام کیلئے ایک خصوصی امدادی فنڈ قائم کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ فنڈز اکھٹے کر کے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کی جاسکے۔

انہوں نے عالمی برادری بالخصوص مغربی ممالک سے اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں شامی حکومت اور عوام کو تنہا نہ چھوڑیں۔ شازیہ مری نے زلزلہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ دریں اثناء، وفاقی وزیر نے سید احسن رضا کاظمی، ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان کے ساتھ ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ مرحومہ ممتازسماجی کارکن اور پیس ایکٹوسٹ سمانہ ملائکہ رضا کی بھی والدہ تھیں۔ وفاقی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔