
اسلام آباد ۔ 26 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ کراچی حملہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، ملک دشمن عناصر سی پیک پر پاکستانی موقف و عزم کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، پوری قوم پاک چین تاریخی تعلقات اور سی پیک کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کے دورہ کے موقع پر چین کے سفیر یاﺅ جنگ سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کراچی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ چینی سفیر نے کراچی حملہ ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام چینی شہریوں و سی پیک منصوبوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی، کراچی حملہ سی پیک کو سبو تاژ کرنے کی سازش ہے، ملک دشمن عناصر سی پیک پر پاکستانی موقف وعزم کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحقیقات مکمل کرکے حملے کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور دیگر عناصر کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک چین تاریخی تعلقات اور سی پیک کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ فریقین نے پاک چین تعاون بھر پور انداز میں جاری اور سی پیک کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں سی پیک منصوبوں پر پیش رفت کے ساتھ ساتھ جے سی سی کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔