وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت وزارت اور اس سے منسلک اداروں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس

202

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت، قومی ورثہ و ثقافت شفقت محمود نے پیر کو وزارت اور اس سے منسلک اداروں کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور انہیں پرفارمنس ایگریمنٹ پر دستخط کرنے والے ہر ادارے کی طرف سے حاصل کردہ کارکردگی اور اہداف کے بارے میں بتایا گیا۔

وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی وزارت کو سال کے وسط کے جائزہ کے دوران دیگر وزارتوں کے درمیان معیار اور مقداری تشخیص کے اشاریوں کی بنیاد پر 91.2 فیصد کے ساتھ درجہ بندی کی گئی ہے اور 10 فروری 2022 کو وزیر اعظم نے وفاقی وزارت تعلیم کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا ہے۔ اسے وزارت کے لئے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے شروع سے ہی تمام اہداف کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے جس کے نتیجہ میں یہ سنگ میل حاصل ہوا۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے اس کامیابی کو برقرار رکھنے اور پیش رفت کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام منسلک تنظیموں کے سربراہوں کو مشورہ دیا کہ وہ وزارت کی طرف سے دیئے گئے اہداف پر احتیاط سے کام کریں۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ وزارت کے کئی ادارے مثلاً نیشنل کالج آف آرٹس، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن اور نیشنل اسکلز یونیورسٹی وغیرہ کو 23۔2021 کے پرفارمنس ایگریمنٹ میں شامل نہیں کیا گیا اور انہوں نے انہیں اگلی سہ ماہی تک شامل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے شرکاء کے ساتھ اپنا تجربہ بتاتے ہوئے، وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہاکہ جب انہیں تعلیم کا قلمدان سونپا گیا ان کے چند دوست خوش نہیں تھے کیونکہ وہ کسی اور پورٹ فولیو کی توقع کر رہے تھے لیکن آج وہ سب خوش تھے اور ہماری کامیابی پر مبارکباد دے رہے تھے۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے تمام سینئر افسران کو مشورہ دیا کہ وہ اگلے کوارٹرز میں بھی اپنی کارکردگی اسی طرح برقرار رکھیں کیونکہ آگے چیلنجز بھی بڑھیں گے۔