وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین کی پاکستانی طلباء کے وفد سے ملاقات

196
وزیراعظم کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کریں گے، رانا تنویر حسین

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے پاکستانی طلباء کے وفد سے ملاقات کی جو دو سال قبل کووِڈ 19 کی وباء کے بعد چین سے اپنی تعلیم کے بیچ میں ہی چھوڑ کر وطن واپس آئے تھے اور بعض مسائل کی وجہ سے پاکستان میں پھنس گئے ہیں، وفاقی وزیر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو طلباء کے مسائل کے فوری حل کی ہدایت کیں ۔

منگل کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزارت خارجہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن، ایوی ایشن ڈویژن کے نمائندوں اور وزارت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزارت خارجہ کے نمائندے نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں چین نے پاکستان کو 251 طلباء کی فہرست دی ہے جس میں سے 60 فیصد طلباء تک کامیابی سے رسائی حاصل کر لی گئی ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کوششیں بڑھائے اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ایسے طلبہ تک پہنچائے جن سے پہلے رابطہ نہیں کیا جا رہا تھا اور ضروری تفصیلات کے حصول اور تبادلے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ایک موثر رابطہ کاری کا طریقہ کار بھی ترتیب دیا جائے۔

طلباء کی مالی مجبوریوں پر غور کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے وزارت تعلیم کے حکام کو ایک طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی جس کے تحت حکومت متعلقہ اخراجات کو بانٹ کر طلباء کی مدد کرے گی۔ انہوں نے بیجنگ میں پاکستان کے ایجوکیشن اتاشی کو مرکزی رابطہ کاری کا کردار ادا کرنے اور پاکستانی طلباء کے بہترین مفاد میں چینی حکام کے ساتھ سختی سے فالو اپ کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ چین کی حکومت کی صفر کوویڈ 19 برداشت کی پالیسی کی وجہ سے، باقاعدہ پروازوں کے لیے فضائی حدود اور سڑک پر سفر کرنے کے آپشن پر پابندی ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور طلباء کے مسائل جنگی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔