وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین سے صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی کی ملاقات

211
Federal Minister Rana Tanveer Hussain
Federal Minister Rana Tanveer Hussain

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین سے صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول معیاری تعلیم کے فروغ کے اقدامات اور معاشرے کی تعمیر میں یونیورسٹیوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے خواہش ظاہر کی کہ یونیورسٹی میں شریعہ و قانون اور عربی کی دو بین الاقوامی شہرت یافتہ کلیات ہیں جو عرب دنیا میں ملازمت کے متلاشی پاکستانیوں کی مدد کر سکتی ہیں۔

یونیورسٹی کے صدر نے کہا کہ یونیورسٹی کو اس سلسلے میں ریفریشر لیگل کورسز متعارف کروا کر خوشی ہو گی اور وہ اپنی بین الاقوامی سطح کی عربی فیکلٹی کے ذریعے باقی یونیورسٹیوں کے ساتھ ملک بھر میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی خواہشمند ہو گی جس سے عربی زبان کی ترویج میں مدد ملے گی۔ رانا تنویر حسین نے معاشرے کی تعمیر اور خدمات میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو ترقی کے لیے روابط کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کو باہمی تعاون کے ذریعے تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا چاہیے۔ پاک سعودی تعلقات پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔انہوں نے جامعہ کے پرو چانسلر ڈاکٹر احمد بن سالم العامری اور جملہ اعلیٰ عہدیداروں کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے صدر نے وفاقی وزیر کو سعودی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز سے جدید طرز کے اکیڈمک بلاک کے افتتاح کی دعوت دی۔ انہوں نے انہیں یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر اور تعلیمی بہتری کے نئے سفر سے بھی آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ھذال نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں یونیورسٹی نے عالمی درجہ بندی میں بامعنی ترقی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی نے دو نئی فیکلٹیز بنائی ہیں، دو نئے اکیڈمک بلاکس بنائے گئے ہیں جبکہ دو مزید پائپ لائن میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی ایسے ہنر مند نوجوانوں کو تیار کرنے پر توجہ دے رہی ہے جو مارکیٹ کے جدید رجحانات کے علم سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے طلباء کی سہولت کے لیے ڈیجیٹائزیشن، فاصلاتی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے یونیورسٹی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ صدر جامعہ نے وزیر تعلیم کو یونیورسٹی کے وژن، مستقبل کے منصوبوں اور تعلیمی بہتری کے لیے حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔