وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز کا کابل میں پاکستانی طلباء کی گمشدگی پر گہری تشویش کا اظہار

168

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے کابل میں پاکستانی طلباء کی گمشدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان کی بازیابی کیلئے متعلقہ حکام سے رابطےکئے ہیں۔وفاقی وزیر ساجد طوری نے کابل میں چار پاکستانی طلباء کی گمشدگی کے حوالے سے پاکستانی وزارت خارجہ، افغان حکام اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ چار پاکستانی طلبہ کی گمشدگی پر گہری تشویش ہے،وزارت خارجہ افغان حکام کے ساتھ لاپتہ پاکستانی طلباء کا معاملہ اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ افغان حکام لاپتہ پاکستانی طلباء کی جلد بازیابی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے لاپتہ طلباء کے والدین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ لاپتہ پاکستانی طلباء کی بازیابی کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔ مبینہ طور پر افغانستان کے دارالحکومت کابل کی دو مختلف یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم چار پاکستانی طلبہ عید کے دن سے تاحال لاپتہ ہیں۔