وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن پروگرام کی پیشرفت سے متعلق اجلاس

74

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے ڈیجیٹل پاکستان اقدام کے تحت یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن پروگرام کی پیشرفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار، ایم ڈی یو ایس سی، وزارت کے سینئر حکام اور پی ٹی سی ایل اور این آر ٹی سی کے نمائندوں نے شرکت کی۔وفاقی وزیر کو کارپوریشن کے ڈیجیٹلائزیشن پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔

انٹرپرائز ریسورس پلاننگ کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام اس ماہ کے آخر تک شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو یہ بھی بتایا کہ یو ایس سی نے اسلام آباد ریجن میں یوٹیلیٹی سٹورز کی آٹومیشن مکمل کر لی ہے، آٹومیشن پر کل سیلز کا 20 فیصد منتقل کر دیا گیا ہے جس کا افتتاح اگلے ہفتے ہو گا۔

یو ایس سی کی ڈیجیٹلائزیشن کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئےوفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیراعظم احساس پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کے لئے ان کے احساس کارڈز/قومی شناختی کارڈز کو سیل پوائنٹس کے ساتھ منسلک کرکے ان اسٹورز کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرے گی۔

انہوں نے یو ایس سی کی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ یہ منصوبہ کسی بھی پبلک سیکٹر پر مبنی کمپنی کا سب سے بڑا ڈیجیٹلائزیشن پروگرام ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ تکمیل پر وزیراعظم پاکستان یو ایس سی کے آٹومیشن پروگرام کا افتتاح کریں گے کیونکہ ڈیجیٹل پاکستان کا وژن ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے آٹومیشن پروگرام کو صاف وشفاف بنانے پر یو ایس سی کے ساتھ کام کرنے کے لئے پی ٹی سی ایل اور این آر ٹی سی کے جاری تعاون کو بھی سراہا۔