اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں ڈیری انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کو ہو نے والی ملاقات کے دوران وفد نے ڈیری سیکٹر میں موجودہ چیلنجز پر روشنی ڈالی جن میں خاص طور پر دودھ پر عائد ٹیکس کا مسئلہ نمایاں رہا ۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ دودھ ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے اور اس پر یا تو بالکل ٹیکس نہیں ہونا چاہئے یا بہت کم ٹیکس عائد ہونا چاہئے۔ انہوں نے اس بات کا اعلان کیا کہ وزارت کی جانب سے دودھ پر ٹیکس کم کرنے کی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں اور بہت جلد اس حوالے سے خوشخبری سنائی جائے گی۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہمارے دیہاتوں میں بہت سے کسان دودھ بیچ کر اپنی روزی کماتے ہیں اور حکومت ہر صورت ان کا تحفظ کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت قومی غذائی تحفظ جلد ایک سیمینار کا انعقاد کرے گی جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا تاکہ مل بیٹھ کر اس اہم مسئلے کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔انہوں نے کسان دوست پالیسیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیری سیکٹر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وزارت اس شعبے کی بہتری کے لئے پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580676